دفاعی چیمپئن متاثرکن ہدف دینے میں ناکام


لاہور: پاکستان سپر لیگ کے ایلیمینٹیٹر مرحلے میں پشاور زلمی کی ٹیم نے کوئٹہ کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر زلمی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 157 رنز بنا سکی۔

زلمی اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال کھیل کا آغاز کرنے میدان میں آئے۔ پہلے اوور میں نو رنز کے مجموعی اسکور پر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

کچھ دیر بعد میچ کا آغاز کیا گیا تو اوپنر کامران اکمل ٹوٹل اسکور میں حصہ ڈالے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل کی بیلز راحت علی نے اڑائی۔

زلمی کی دوسری وکٹ دس کے مجموعی اسکور پر گری۔ تیسرے نمبر پر کھیلنے میدان میں آئے آندرے فلیچر ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر تھیسارا پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ میدان میں آئے تو اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی اسکور میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے 44 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

تیسری وکٹ 54 کے ٹوٹل اسکور پر محمد حفیظ کی گری۔ انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 رنز بٹورے۔ حفیظ، محمود اللہ کی گیند پر اسٹمپ ہوئے۔

حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد تمیم اقبال بھی کریز پر زیادہ دیر ٹک نہ پائے اور 58 کے ٹوٹل پر 27 رنز سمیٹ کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں محمد نواز کی گیند پر کیڈ مور نے کیچ کیا۔

سعد نسیم آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 86 تھا۔ آل راؤنڈر بلے باز صرف نو رنز بنا کر حسن خان کی گیند کا شکار بن گئے۔

زلمی کی امیدوں کا مرکز ڈیرن سیمی میدان میں آئے تو توقع تھی کہ دفاعی چیمپئنز اسکور کو اچھے ٹوٹل کی جانب لے جانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

کپتان بلے باز پانچ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سیمی کوئی بھی بڑا شاٹ نہ کھیل سکے۔

لیام ڈاؤسن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور میں بڑا حصہ ڈالا۔ ڈاؤسن 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 62 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے چار کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں