میجر (ر) اعظم سلیمان نے چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا


لاہور: میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

ہم نیوز کے مطابق یوسف نسیم کھوکھر نے انہیں چارج سونپا جس کے بعد نئے چیف سیکرٹری پنجاب نے ایوان وزیر اعلیٰ میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی۔

دوسری جانب پنجاب میں انتظامی عہدوں پر تبدیلیوں کے حوالے سے فہرستیں از سر نو مرتب کر لی گئیں۔

آیندہ 24 گھنٹوں میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کی سطح پر تقرر و تبادلے ہونے کی توقع ہے۔

گزشتہ روز ان کی تعیناتی کو نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ستمبر میں بھی پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ستمبر میں ہی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں عمران خان نے عثمان بزدار کو صوبے میں تبدیلیوں کی اجازت دے دی تھی۔

گزشتہ روز صوبے کی پولیس کا سربراہ بھی تبدیل کر دیا گیا اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے ایم ڈی شعیب دستگیر کو کیپٹن (ر) عارف نواز کی جگہ نیا آئی جی پولیس پنجاب تعینات کر دیا گیا۔

تحریک انصاف حکومت کی جانب سے سولہ ماہ کے دوران چار آئی جیز تبدیل کئے گئے ہیں۔

شعیب دستگیر چارج سنبھالنے والے پانچویں آئی جی پولیس پنجاب ہیں۔ جنرل الیکشن 2018 کے وقت کلیم امام آئی جی پنجاب پولیس تھے جنہیں دس ستمبر 2018 کو تبدیل کر کے محمد طاہر کو پنجاب پولیس کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا۔

14 اکتوبر 2018 کو محمد طاہر کو بھی تبدیل کر دیا گیا جس کے بعد امجد جاوید سلیمی نے 15 اکتوبر کو پنجاب پولیس کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھالا۔ 16 اپریل 2019 کو امجد جاوید سلیمی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

17 اپریل 2019 کو امجد جاوید سلیمی کی جگہ کیپٹن (ر) عارف نواز خان نئے آئی جی پنجاب تعینات ہوئے جنہیں کل تبدیل کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں