گلوکار سلمان احمد پی ٹی آئی چئیرمین کی مزید حمایت سے منکر

گلوکار سلمان احمد پی ٹی آئی چئیرمین کی مزید حمایت سے منکر | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: عامر لیاقت کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر چئیرمین سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے معروف گلوکار سلمان احمد نے ان کی مزید حمایت سے انکار کردیا۔

میوزک بینڈ ‘جنون’ سے شہیرت حاصل کرنے والے گٹارسٹ نے اپنے فیصلے کا اعلان مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ردعمل میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 35 سال تک چئیرمین عمران خان کی حمایت اور دفاع کرتے رہے، لیکن اب وہ مزید ایسا نہیں کر سکتے۔ انہیں خدشہ ہے کہ (عمران خان) کو رینگنے والے جانوروں نے گھیر رکھا ہے۔

سلمان احمد کی یہ ٹویٹ اس وقت سامنے آئی جب ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی اور ٹیلی ویژن میزبان عامر لیاقت نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

کراچی میں ہونے والی نیوزکانفرنس میں تحریک انصاف سربراہ عمران خان بھی موجود تھے۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرپشن کے خلاف جنگ لڑنے کے لئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

سلمان احمد نے عامر لیاقت کی شمولیت پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چئیرمین کو خبردار کرنا ان کا جمہوری حق ہے۔

ٹی وی میزبان عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر پارٹی ورکرز نے خاصا ناخوشگوار ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اس دوران عامر لیاقت کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف دیے گئے بیانات کو دوبارہ سامنے لایا جاتا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں