لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں سٹی ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کی 9 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ماحولیاتی آلودگی کاباعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات اٹھانے کے لیے ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر نصرت ناز کی سی ٹی او لاہور سے ملاقات ہوئی جس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کارروائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ جات لگا کر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بس اڈوں، ٹیکسی اسٹینڈز، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر میں ٹریفک آگاہی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے۔
خیال رہے کہ رواں برس دھواں چھوڑنے والی 32 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔