لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے لوگ آئندہ ہفتے سے پیسے دیں گے جب کہ نوازشریف کبھی پیسے نہیں دے گا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بڑے دل کا ہے، دوستوں کے ساتھ مل کر کھاتا اور کرپشن کرتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کے سارے کیس پلی بارگین میں 3،4 ماہ کے دوران ختم ہوجائیں گے۔
نوازشریف کے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم کل یا پرسوں باہر جائیں گے، وہ لوگ جو آج ڈیل یا ڈھیل کی بات کررہے وہ سمجھیں یہ طبی مسئلہ ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بدقسمتی سے نواز شریف کی بیماری کا علاج پاکستان میں نہیں، امید ہے میرے دوست شہباز شریف بھی اپنے بھائی کے ساتھ جائیں گے وہ دونوں طرف کھیلنے کا ماہر ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بیماری پر سیاست کر رہا ہے تو کیس اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے، ایسی بیماریوں کا علاج پاکستان میں نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے اور ان کی بیرون ملک روانگی میں پلیٹ لیٹس کی کمی آڑے آ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک نواز شریف کے خون میں پلیٹ لیٹس میں توازن نہیں آتا، وہ سفر نہیں کرسکتے۔