اسلام آباد: سوئٹزر لینڈ کے پارلیمانی وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد ہوئی ہے ، وفد کی قیادت سوئٹزرلینڈ کی ریاستوں کی کونسل کے صدر جین رینے فرنیئر کر رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد کی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سوئٹزر لینڈ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو کثیر الجہتی شعبوں میں وسعت دی جائے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزر لینڈ ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ادارہ جاتی تعاون و پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔پاکستان گوادر کے ذریعے خطے کے ساتھ رابطہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔گوادر پاکستان کو خطے کا تجارتی مرکز بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صادق خان سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک ہے۔سوئٹزرلینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروباری مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں کو حق خود اداریت دلوانے کیلئے اپنا کردارا دا کرے۔ ہم مسئلے کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق پر امن حل چاہتے ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے پر سوئٹزرلینڈ کے وفد کے شکر گزار ہیں۔اُمید ہے اس دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
سوئٹزرلینڈ کے وفد میں شامل سوئس رہنما نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ہمارے لیے پارلیمانی سفارتکاری روابطہ کو آگے بڑھانے میں انتہائی اہم ہے۔ ہمارے دورے کا مقصد ہی پارلیمانی روابط اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ ایک دوسرے کے ساتھ کھل کر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے۔
چیئرمین سینیٹ نے وفد کو ایوان بالاء کے آئینی اور قانونی کردار، اہمیت اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان سوئٹزر لینڈ تعلقات کی تاریخ میں آج نیا باب رقم ہو گیا ہے۔سوئٹزر لینڈ کے وفد کا پاکستان کا پہلا دورہ انتہائی خوش آئند ہے۔ہم تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ادراہ جاتی تعاون اور قانون ساز اداروں کے مابین مستحکم روابط تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔سلیم مانڈوی والا
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور تجارتی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے
ملاقات میں حکومت، پارلیمان اور آئین ساز اداروں کے کام کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سلیم مانڈوی والا کے ہمراہ پاکستان سوئٹزر لینڈ دوستی گروپ کے کنونیئر سینٹرفاروق ایچ نائیک اور گروپ کے اراکین بھی موجود تھے۔ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: برطانوی پارلیمنٹ نے 12دسمبر کو عام انتخابات کا اعلان کر دیا
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پارلیمانی تعاون کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔