اسلام آباد: پڑوسی ملک افغانستان میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے پر افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ نے طلب کر لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور سے افغان دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارتی عملے کی سیکیورٹی پر شدید خدشات کا اظہار کیا گیا۔ گذشتہ 2 روز سے مسلسل پاکستانی سفارتکاروں کو حراساں کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سفارتخانے کی طرف آنے والے سفارتی عملے کی گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر ماری گئی، افغان حکومت پاکستانی سفارتکاروں کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔
پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے سفارتکاروں کو حراساں کرنے کے واقعات کی فوری تحقیقات کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے اہلکاروں نے ایک اور پاکستانی شہری اور یونیورسٹی کے طالب علم کو کابل سے اغوا کر لیا تھا۔ پجھوک یونیورسٹی کے طالبعلم ڈاکٹر وقار کو ایجنسی نیشنل ڈائریکٹریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے اہلکاروں نے کابل سے 26 اکتوبر کو اغوا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشوں کو مسترد کر دیا
ڈاکٹر وقار کے دوست نے جاد اوول پولیس اسٹیشن کومقدمہ کی درخواست دی مگر پولیس نے یہ کہہ کر مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا کہ ان کو پتہ ہے ڈاکٹر وقار خفیہ پولیس کے پاس ہیں۔