اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان نے جماعت اسلامی کے جواں سال رہنما کو قتل کر دیا۔
ہم نیوز کے مطابق قتل کا افسوسناک واقعہ اسلام آباد کے علاقے سرائے خربوزہ میں پیش آیا۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق یونین کونسل 48 سرائے خربوزہ کے نومنتخب صدر امداد الحق کو نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے۔
وجہ قتل سے تاحال لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ امداد الحق جے آئی یوتھ کے تحت منعقد کئے گئے حالیہ الیکشن میں یونین کونسل کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ملزمان اور وجہ قتل کے متعلق تاحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔ البتہ تفتیش شروع کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والے مقتول امداد الحق سرائے خربوزہ میں نجی اسکول چلا رہے تھے۔
سرائے خربوزہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 54 کی حدود میں آنے والے مضافاتی علاقوں میں سے ایک ہے۔
چند روز قبل بھی اسلام آباد کے سیکٹر جی تھرٹین میں نجی کیب سروس کریم کے ڈرائیور کو قتل کر دیا گیا تھا۔