لاہور: چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب ) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی روشنی میں انکوائری شروع کی گئی ہے جو کہ حتمی نہیں ہے۔ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ان کا مؤقف طلب کیا جائے گا۔ خواجہ آصف کے مؤقف کے بعد ہی حتمی کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔
گزشتہ ہفتے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب کو خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ آصف کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ریکارڈ پر لاچکے ہیں۔ خواجہ آصف کے خلاف ثبوتوں کے باوجود نیب کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
عمران خان نے وزیرخارجہ اور ان کی اہلیہ کی بینکنگ ٹرانزیکشنز کے ثبوت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ عمران خان نے نیب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تحقیقات کرے۔
تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ اور کرپشن پر نیب کو ایک تفصیلی خط بھی لکھا گیا تھا۔