کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان ’کیار‘ شدت اختیار کر گیا جو کراچی کے جنوب مشرق میں 950 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان شمال مغرب کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے تاہم اس سے براہ راست پاکستان کی کسی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔
محکمہ نے خبردار کیا کہ ’کیار‘ بحیرہ عرب کا اس سال کا تیسرا طوفان ہے اور ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت زیریں سندھ اور مکران کےساحلی علاقوں میں 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر قائد میں نمی کا تناسب 38 فیصد جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔