ابو بکر البغدادی خفیہ آپریشن میں ہلاک، امریکی میڈیا کا دعویٰ

امریکی صدر نے ابوبکر البغدادی کی موت کی تصدیق کر دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے سربراہ ابو بکربغدادی کو خفیہ آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد امریکی خصوصی فورسز نے شام کے علاقے ادلب میں خفیہ آپریشن کیا ہے جس میں داعش کے سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی آپریشن کے دوران ابو بکر بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے داعش کے سربراہ کی ہلاکت سے ایک روز قبل  صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی رات ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ ایک بڑی خبر سنانے جا رہے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ بغدادی کی ایک مبینہ آڈیو کال سنی گئی تھی جس میں وہ امریکی فوج کی قید سے مسلمانوں کو رہائی دلانے کے لئے اپنے ساتھیوں کو احکامات دے رہے تھے۔

یاد رہے امریکہ نے بغدادی کے ٹھکانے سے متعلق اطلاع دینے والوں کے لئے 2.5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم کا بھی اعلان کر رکھا تھا۔

کچھ ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مشرقی وسطیٰ میں داعش کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہے اور وہ لمحہ دور نہیں جب اس کے سربراہ کو گرفتار یا ہلاک کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں