اسلام آباد: انڈوں کو ہمیشہ سے صرف پروٹین کے حصول کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے لیکن دراصل ایسا نہیں، انڈے دیگر بہت سے فوائد سے مالامال بھی ہوتے ہیں۔ البتہ ماہرین خوراک تجویز کرتے ہیں کہ ان کا استعمال ‘حد میں رہے’ تو ہی بہتر ہے۔
انڈے اپنے اندر کچھ ایسے جسمانی فوائد رکھتے ہیں جن سے آپ پوری طرح سے واقف نہیں ہوں گے یا کچھ لوگوں کے تو تصور میں بھی نہیں ہوگا کہ انڈے اتنے مفید ہوتے ہیں۔
آیئے آج ہم آپ کو انڈوں کے ایسے حیرت انگیز فوائد بتائیں گے جس کے بعد اسے ناپسند کرنے والے بھی انڈہ کھانے پر مجبور ہوں گے۔
جسم کے دفاعی نظام کے لیے بہتر:
انڈوں میں جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ اس لیے اگر آپ کسی انفیکشن، وائرس یا دیگر امراض سے خود کو بچانا چاہتے ہیں تو روز ایک انڈہ کھانا شروع کردیں۔
سائنس دانوں کے مطابق ایک انڈے میں سلینیم (کیمیائی عنصر) کی ایک مخصوص مقدار موجود ہوتی ہے۔ جس سے”جسمانی دفاعی نظام” کو سپورٹ ملتی ہے جب کہ یہ ”تھائی رائیڈ ہارمون” کو ریگولیٹ بھی کرتا ہے۔
کولیسٹرول میں کمی:
انڈوں کے اندر کولیسٹرول کی 212 ملی گرام مقدار پائی جاتی ہے۔ جس کے باعث یہ جسم میں اچھے کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتے اور اسے بہتر بناتے ہیں۔ کچھ لوگ صرف اس ڈر سے انڈے نہیں کھاتے کہ کولیسٹرول میں اضافہ ہو گا یا وزن بڑھ جائے گا، تو ایسی کوئی بات نہیں۔ انڈے ہرگز مضر صحت کولیسٹرول نہیں بڑھاتے۔
امراض قلب سے محفوظ رکھتا ہے:
طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق انڈوں کے استعمال سے امراض قلب میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ انڈوں سے پیداشدہ مفید کولیسٹرول جسم میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بنتا اور دل کی بیماریوں کے خطرے میں کمی لاتا ہے۔
جسمانی توانائی میں اضافہ کرتا ہے:
انڈہ جسم کو توانائی فراہم کرنے والی غذاؤں میں سے ایک ہے۔ اس لیے اگر آپ چاہتے ہیں کہ پورا دن بھرپور توانائی سے کام کریں تو ناشتے میں ایک انڈہ ضرور کھائیں۔ انڈوں میں وٹامن بی ٹو کی ایک قسم ”ریبوفلیوین” پائی جاتی ہے۔ جس کا کام خوارک کو ایندھن میں بدلنا ہوتا ہے،اسی سے جسم کو طاقت حاصل ہوتی ہے۔ اس لیے انڈوں کو توانائی کی فراہمی میں اہم کردارادا کرنے والی ایک اہم غذا قرار دیا جاتا ہے۔
جلد اور بالوں میں چمک پیدا کرتا ہے:
خواتین بالوں اور جلد کی خوبصورتی کے لیے پارلرز کے چکر لگا لگا کر خود کو تھکا لیتی اور چہرے پر دانوں کے خوف سےانڈہ استعمال نہیں کرتیں۔ ایسی خواتین کے لیے اچھی خبر ہے کہ انڈہ ناصرف جلد اور بالوں میں چمک بڑھاتا ہے بلکہ اس میں موجود وٹامن بی اور بی 12 اعصابی نظام کی بہتری کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
دماغ کے لیے بھی مفید:
انڈوں کا استعمال دماغی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انڈوں میں شامل ”جزکولین” دماغ کے لیے ضروری ہے۔ اس لیے جو لوگ روز ایک انڈے کا استعمال کرتے ہیں ان کا دماغ ناصرف تیز چلتا ہے بلکہ وہ مختلف دماغی امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
تناؤ سے تحفظ:
انڈوں میں موجود ”امینو ایسڈز” ذہن پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرتے ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انڈے کھانے سے ذہنی تناؤ میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ ایسے افراد جو آج تک انڈوں سے دور بھاگتے تھے یقینی طور پر اب اس کے استعمال کے خواہاں ہوں گے کیوں کہ ذہنی تباؤ سے ہر کوئی نجات چاہتا ہے۔
دیگر فوائد:
یہاں تک تو اس کے فوائد آپ نے پڑھے لیکن ان کا سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ اس چھوٹی سی چیز کے مزید فائدے بھی ہیں، جو ذیل میں دیے جا رہے ہیں:
- بینائی کو تیز کرنے میں مدد گار
- ہڈیاں اور دانت بنائے مضبوط
- جسم کی اضافی چربی کا خاتمہ
- اضافی بھوک مٹانے میں مددگار
توقع ہے کہ اوپر ذکر کئے گئے ‘انڈے کے فائدے’ آپ کو اسے اپنے روزمرہ غذائی پلان کا حصہ بنانے پر آمادہ کرلیں گے۔ استعمال کریں اور فائدے سمیٹیں۔