لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائے گی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اب تک فیصلہ نہیں کیا کہ وہ دھرنا دیں گے یا جلسہ کریں گے۔ رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے جس کی ڈوریاں جیل سے ہلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پرامن آزادی مارچ کہیں نہیں روکا جائے گا لیکن ان کی ڈنڈا بردار فورس کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کا کیا مقصد ہے۔ ڈنڈا بردار اور مسلح فورس ہو گی تو انہیں روکا جائے گا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ چاروں صوبوں کی زنجیر کی بات کرنے والی پیپلز پارٹی اب مولانا فضل الرحمان کے تانگے سے لٹکی ہوئی ہے اور بلاول بھٹو زرداری کو یقین ہی نہیں آ رہا کہ لاڑکانہ سے بھٹو کا خاتمہ ہو گیا۔ بلاول بھٹو کو عمران خان سے ذاتی عناد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام بھوک اور افلاس سے دم توڑ رہی ہے جہاں بنیادی سہولیات ہی موجود نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو میڈیا پر عدالت لگا لیتے ہیں اور عمران خان کے خلاف باتیں کرتے ہیں لیکن عدالت میں منی ٹریل دینے کے لیے ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔
کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پاکستان انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد کی ملاقات
بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر ہندوستان کے جھوٹے بیان کو مسترد کر دیا۔ ہندوستان کے پروپیگنڈے اور کشمیر میں جاری ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس بہادری سے ہندوستان کا مقابلہ کیا ہم ان کو اور شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قومی بیانیہ پر پاک فوج اور ہم ایک پیج پر ہیں۔
ترقیاتی کاموں سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم غریب علاقوں میں ترقی کا سفر لے کر چل رہے ہیں۔ ان کے منصوبوں سے پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی ملے گی۔