اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کپتانی کی وجہ سے بابراعظم کی بلے بازی متاثر ہو سکتی ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، پی سی بی کی جانب سے انہیں چھوٹے طرز کی کرکٹ کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جس کا انہیں تجربہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں سرفراز کو کپتان برقرار رکھا جانا چاہئے تھا جبکہ بابر کو ان کا نائب مقرر کر کے ان کے تجربے میں اضافہ کرنا چاہے تھا۔
سرفراز کی قومی ٹیم سے برطرفی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بطور وکٹ کیپر سابق کپتان کی کارکردگی بہترین رہی ہے، پی سی بی کو چاہئے کہ وہ سرفراز کو ریکور کرنے کا بھرپور موقع دے کر ٹیم میں واپس لائے۔
میانداد نے پی سی بی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کے پیش نظر ملک بھر کے اسٹیڈیمز میں ایسی پچز بنائی جائیں جس سے کھلاڑیوں کو مدد مل سکے۔