بارش سے موسم سرما کا آغاز ہوگیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق جمعه کے روز خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان۔

ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جب کہ گلگت بلتستان اور ما لاکنڈ ڈویژن میں بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں جمعے کی صبح سیاہ بادل چھائے رہے اور سردی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں موسم آج گرم اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا۔ صبح سویرے درجہ حرارت 25 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ درجہ  38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز سے بالائی خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی بلوچستان، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا۔ مری، چکوال، چکلا لہ ، سیدوشریف، مالم جبہ، تخت بائی، چترال، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش چکوال 08، اسلام آباد(ائیرپورٹ 03،زیروپوئینٹ 02)، راولپنڈی (چکلالہ 02)، مری 02،تخت بائی 11، مالم جبہ 02، چترال، سیدو شریف 01، راولاکوٹ06 اور مظفرآباد میں02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

رائیونڈ و گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم کی خنکی میں اضافہ ہوا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے خنکی بڑھ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں