آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا پی پی پی سے رابطہ

آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا پی پی پی سے رابطہ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزادی مارچ کے سلسلے میں حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں سے رابطے تیز کردیے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ جے یو آئی ایف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے رابطہ کیا ہے۔

ان کے مطابق رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی نے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کو ٹیلیفون  کیا جس کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات طے پاگئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ف کا وفد کل پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری سے اہم ملاقات کرے گا۔

ملاقات میں آزادی مارچ سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی۔

خیال رہے کہ پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 31 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی حمایت مسلم لیگ نواز بھی کرچکی ہے۔

کچھ روز قبل شہباز شریف کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہونے والے اجلاس میں ن لیگی رہنماؤں نے تین مختلف آپشنز پر غور کیا، کچھ رہنماؤں کا خیال تھا کہ حکومتی لاٹھی چارج کی صورت میں حالات بگڑے تو رینجرز اور فوج آسکتی ہے۔

اسی طرح یہ بھی سوچا گیا کہ دھرنے کے دوران دباؤ بڑھ گیا تو ان ہاؤس تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی سوچا گیا کہ ان ہاؤس تبدیلی پر بات نہ بنی تو قبل از وقت انتخابات کی ڈیڈ لائن لیکر دھرنا ختم ہو گا؟

ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں رہنماؤں نے شہباز شریف کو آپشنز دئیے۔ یہ فیصلہ بھی ہوا کہ  شہباز شریف کمر درد کے باعث  بھی لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے ۔


متعلقہ خبریں