چین کا بڑا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

وزیراعظم کی چینی قیادت سے ملاقات، پاک فوج کے سربراہ بھی ہوں گے

بیجنگ: چین کے بڑے کاروباری گروپ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کاروبار کے نئے راستوں کی تلاش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ یہ اظہار چین کے گزوبہ گروپ کارپوریشن کے چیئرمین نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

ہم نیوز کے مطابق چین کی گزوبہ گروپ کارپوریشن 1970 میں قائم کی گئی تھی اور اسے ملکی کی انتہائی باصلاحیت کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

عمران ٹرمپ ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شامل ہوں گے

دنیا کے 100 ممالک میں کاروبار کرنے والی گزوبہ گروپ کارپوریشن مضبوط مالی تعاون کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم سے چینی ٹائر کمپنی کے سی ای او اور یئنٹ ہولڈنگ گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین آف بورڈ کی بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی امور سمیت سرمایہ کاری اور تجارتی کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہونے والی ملاقاتوں میں وفاقی وزرا ومشیران مخدوم شاہ محمود قریشی، خسروبختیار، شیخ رشید اورعبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔ چینی کمپنیوں سے کی جانے والی گفت و شنید میں معاون خصوصی ندیم بابر اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ زبیرحیدرنے بھی شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان جب چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے تو چین کے وزیر ثقافت لوشوگنگ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی بھی موجود تھیں۔

طے شدہ پروگرام کے تحت وزیراعظم آٹھ سے نو اکتوبر تک کے درمیان ہونے والے دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیا نگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ صدر اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ہمراہ ہوں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں2700 اجتماعی قبریں دریافت

وزیراعظم کی چین آمد سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی چین پہنچے ہیں جہاں وہ پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر اور وائس چیئرمین ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق دورہ چین میں وزیراعظم چینی قیادت کو جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے متعلق پاکستانی مؤقف سے آگاہ کریں گے اور سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔

طے شدہ پروگرام کے تحت وزیراعظم عمران خان میزبان ملک کے کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر کے اعلیٰ نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گے اور اسی دوران وہ بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

عمران خان کے اعزاز میں چین کے صدر اور وزیراعظم الگ الگ ضیافتیں بھی دیں گے۔

آرمی چیف کی چینی صدر سے ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود ہوں گے۔

ہم نیوز نے تر جمان دفتر خا رجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی چینی قیادت سے  تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان کے مطابق ان کا دورہ چین، پاک چین اقتصادی اوراسٹرٹیجک تعلقات کے لیے مفید و معاون ثابت ہوگا۔


متعلقہ خبریں