اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بیان حقائق کے برخلاف قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے بھارت ایشیا پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کررہا ہے۔
’ایف اے ٹی ایف کسی بھی وقت پاکستان کو بلیک لسٹ کرسکتا ہے‘
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت پااکستان سے متعلق ہونے والی پروسیڈنگز پراثر انداز ہورہا ہے تاہم انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ اراکین بھارت کی جانب سے کی جانے والی گمراہ کن سازشوں میں نہیں آئیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر فیصل نے جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے اورپاکستان اس ضمن میں اپنے تحفظات سے پہلے ہی اراکین ممالک کو آگاہ کرچکا ہے۔
بھارتی وزیردفاع کی پہلے گیدڑ بھبھکی، اب مضحکہ خیز دعویٰ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ اراکین بھارت کی جانب سے صورتحال کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو بھی مسترد کردیں گے۔
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کسی بھی وقت پاکستان کو بلیک لسٹ کرسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں پاکستانی معیشت کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے اہم اجلاس کے لیے بھی بہتر جہاز کا بندوبست نہ کرسکے۔
بھارتی وزیردفاع سٹھیا گئے ہیں، شاہ محمود قریشی
بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت کی توجہ معیشت کی بہتری پر نہیں ہے۔
راج ناتھ سنگھ کی گیدڑ بھبھکیوں کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وہ سٹھیا گئے ہیں۔