عالمی سطح کے اہل قلم کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کریں، افتخار عارف


اسلام آباد: نامور ادیبوں نے کہاہے کہ ہماری حکومت دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کی آواز پہنچارہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے سفیر بن کر جارہے ہیں اور وہاں اُن کے حق میں آواز بلند کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار غزالہ سیفی، سیکرٹری برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور ممبرپارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرنے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام تقریب اظہارِ یکجہتی”روحِ آزادیِ کشمیر“ میں کیا۔

اس موقع پرافتخار عارف نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام اہل قلم چاہے وہ کسی بھی زبان کے ہوں کشمیری عوام کے حق خود اختیاری کے بارے میں یکساں موقف رکھتے ہیں۔

ہم سب کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ بھارتی حکو مت کی فرقہ وارانہ سیاست کے تحت کشمیرمیں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا  ہم اقوا م متحدہ اور انسانی حقوق کی دوسری بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیرکی آزادی کی جدوجہدمیں مظلوم عوام کا ساتھ دیںاور ان کے بنیادی حقوق کوبحال کرانے میں عالمی سطح پر احتجاج کریں۔

افتخار عارف نے کہا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، پوری قوم اور عام لکھنے والے کشمیر کے عوام کی آزادی کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔ قیام پاکستان کی تحریک اس وقت تک نامکمل سمجھتے ہیںجب تک کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لکھنے والوں سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اور زیادہ توجہ اور لگن کے ساتھ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت میں عالمی و قومی سطح پر آواز بلند کریں۔ عالمی سطح کے اہل قلم سے توقع رکھتے ہیں کہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالی کے خلاف اور ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو جس طرح سے ہم نے پوری دنیا میں تمام تر سچائی کے ساتھ اُجاگر کیا ہے، پاکستان کی پوری تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔اب تو بھارتی سپریم کورٹ نے بھی حکم جاری کردیا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ختم کریں اور کشمیریوں کی معمول کی زندگی بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی موقف کی بھر پور حمایت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے کشمیریوں کے حوالے سے انتہائی حوصلہ افزاءبحث کی ہے اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آج پوری دنیا میں مودی کا سفاک چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔

پروفیسر مقصود جعفری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اس دور کا ہٹلر ہے۔ وہ متعصب اور انتہاپسند ہندو ہے اس نے بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کی بنیاد رکھی ہے۔

تقریب کی صدارت افتخار عارف نے کی۔تقریب میں غزالہ سیفی، سیکرٹری برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور ممبرپارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرنے خصوصی طورپر شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستانی زبانوں کے نمائندہ شعرااور شاعرات نے منظوم خراج پیش کیا۔ نظامت محبوب ظفرنے کی۔


متعلقہ خبریں