خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کا یوٹرن


پشاور: خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی (پی اسی آر اے) نے یوٹرن لیتے ہوئے موسم گرما کی تعطیلات کی فیس نہ لینے کے نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد روک دیا ہے۔

پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنا ہی جاری کیا ہوا نوٹیفیکشن واپس لے لینے کے لیے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں کی فیسوں سمیت 13 نوٹیفیکیشنز پر عمل درآمد روکا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق بہن بھائی کی فیسوں میں رعایت کی پابندی پر عمل درآمد بھی روک دیا گیا ہے ساتھ ہی ایڈوانس ٹیوشن فیس، کتابیں اور یونیفارم خریدنے سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر آپریشن  پی ایس آر اے قیصر خان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ جاری کئے گئے نوٹیفیکیشنز پر عمل درآمد روکنے کی وجہ یہ ہے کہ ان فیصلوں کی مجاز اتھارٹی سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔

قیصر خان نے کہا کہ صرف وہ اعلامیے معطل ہوں گے جو اتھارٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے ہوں، 24 ستمبر تک عدالتی حکم پر تعلیمی ادارے چھٹیوں کی فیس نہیں لیں گے۔

4 ستمبر کو پشاور ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکول مالکان کو 24 ستمبر تک بچوں سے چھٹیوں کی فیس لینے سے روکنے کے احکامات جاری کیے تھے، عدالت نے صوبائی حکومت اور پرائیویٹ اسکول مالکان سے تمام ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے بچوں سے چھٹیوں کے دورانیے کی فیس لینے کے معاملے  کی  سماعت کی تھی۔

دوران سماعت والدین کی جانب سے وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پرائیوٹ اسکول مالکان بچوں سے فیسیں طلب کررہے ہیں جبکہ فیس نہ ادا کرنے کی صورت میں بچوں کو ہراساں  بھی کیا جارہا ہے۔

عدالت نے بچوں کے والدین کے وکیل کے دلائل  سن کر حکم امتناع میں توسیع کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ کیس کی آئندہ سماعت پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں