اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنے کیلیے جے یو آئی کی سرگرمیاں تیز


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) اسلام آباد کی شوریٰ کا اہم اجلاس مولانا عبدالمجید ہزاروی کی صدارت میں آئی نائن فور میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں اسلام آباد لاک ڈاؤن تیاریوں کے سلسلے میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور 17 ستمبربروز منگل آئی نائن فور میں ورکرکنونشن کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا جس سے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے مولانا عبدالمجید ہزاروی نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کاشکار ہیں، جن لوگوں نے قوم کوایک کروڑنوکریاں دینے کااعلان کیا تھا انھوں نے لاکھوں افراد کو بے روزگارکردیا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری سے عوام تنگ آچکے ہیں ان تمام مسائل کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت ہے۔

واضح رہے امیر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )ف مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز اسلام آباد لاک ڈائون کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔

کمیٹیوں کی حتمی منظوری متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے )میں شامل ہم خیال جماعتوں کے سربراہان سے مشاورت کے بعد دی گئی۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسی سال اکتوبر میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔

28جولائی کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف)  کے مرکزی امیر نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔


متعلقہ خبریں