مسلم لیگ ن سینیٹ انتخابات سے باہر


اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے راجا ظفر الحق کی نئے ٹکٹس سے متعلق درخواست مسترد کرنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن سینیٹ انتخابات سے باہر ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینیٹ کے امیدواروں کو آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری ، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز، ڈی جی لاء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹ امیدواروں کی قانونی حیثیت پر غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے ن لیگ کے نمائندوں کو آزاد امیدوار قرار دے دیا۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن سیاسی جماعت کی حیثیت سے سینیٹ انتخابات سے باہر ہوگئی ہے۔

سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے اراکین آزاد نشستوں پر بیٹھیں گے۔ قانون کے مطابق انہیں کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیئرمین مسلم لیگ ن راجا ظفر الحق نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹ جاری کیے تھے۔

نوازشریف کو بحیثیت پارٹی صدر نااہل قرار دینے کے بعد ان کے جولائی سے اب تک کے فیصلے بھی کالعدم ہوگئے تھے۔ جس میں سینیٹ امیدواروں کی نامزدگی بھی شامل تھی۔


متعلقہ خبریں