’نواز شریف کی پارٹی نے این آر او نہیں مانگا‘

نواز شریف کی صحت کے متعلق میڈیکل رپورٹس حکومت پنجاب کو بھیج دی گئیں

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی نے آپ (عمران خان) سے این آر او نہیں مانگا۔

مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود ہی کہتے ہیں کہ یوٹرن لیتے لیتے وزیراعظم بن گیا ہوں۔

پارٹی قیادت کے جیل میں ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جیلیں سیاستدانوں کی زینت ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی والے 15، 15 کروڑ روپے اپنے اراکین اسمبلی کو دے رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ یہ فنڈز کہاں سے دیے جا رہے ہیں، کیا سی پیک کے لیے مختص فنڈز سے یہ رقم فراہم کی جا رہی ہے؟

برجیس طاہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نقطے کو آخر میں نکال دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم کے پیسے کی تذلیل کر رہے ہیں اور اس ملک کی معیشت کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے اراکین نے قومی اسمبلی کی توانائی کمیٹی کے اجلاس سے واک آوٹ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ چیئرمین کمیٹی نے اپنا آئینی کردار ادا نہیں کیا جبکہ وزیر توانائی عمر ایوب پچھلے سال کے جاری فنڈز بھی روک رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کے ان اقدامات کی مزاحمت کرتے ہیں اور پارلیمان اور اپنے حلقے میں اس پر احتجاج کریں گے۔


متعلقہ خبریں