28 اور29 اگست کوشہر قائد میں پھر برسات کی پیشگوئی

کراچی

کراچی:بارش لئے بادل پھر کراچی کا رخ کرنے والے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اٹھائیس اور انتیس اگست کوشہر قائد میں پھر برسات کی پیشگوئی کردی ہے۔

شہری فکر مند ہیں کہ ابھی تک پچھلی بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہے ۔ بقرعید کے بعد شہر میں کچرے کے ڈھیر لگے ہیں ۔ ایسے میں بارش ہوئی تو نجانے شہر کا کیا حشر ہوگا۔

بھادوں کی حبس کے دنوں میں برسات لئے بادل پھر کراچی پہنچنے والے ہیں اور محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی ہے لیکن پچھلی بارشوں کے بعد کی صورتحال نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق انڈیا میں بنگال کی جانب سے آنے والا مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل ہونے والا ہے۔ یہ سسٹم اٹھائیس اگست کو کراچی پہنچے گا۔

بارش کے سسٹم سے اٹھائیس اور انتیس اگست کو رم جھم اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر میں تیس سے چالیس ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔

شہری بارشوں کی پیشگوئی پر خوش ہیں لیکن مون سون بارشوں کے پچھلے اسپیل کے بعد جو شہر کی حالت ہوئی تھی  اس نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا ہے۔

شہری فکرمند ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی اس بار کیا رنگ دکھائے گی؟ کیا پھر سڑکیں ڈوب جائیں گی، نالے اور گٹر ابل پڑیں گے؟

گزشتہ بارش کی طرح اس مرتبہ بھی کیا کے الیکٹرک کے پول پھر شہریوں کی زندگیاں نگل لیں گے؟

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نئے سسٹم کی آمد سے پہلے اٹھائیس اگست تک موسم ابر آلود رہے گا۔ دن اور رات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیے:کراچی: بارش کی پیشگوئی کے بعدصوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے متحرک


متعلقہ خبریں