اسلام آباد: خلیج عرب میں منعقدہ پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ مشق نسیم البحرXI اختتام پذیر ہوگئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کے دوران مختلف نوعیت کے حملوں سے دفاع اورروایتی بحری خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے حربی مشقوں اور جنگی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
لائیو ویپن فائرنگ کے دوران پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسزکے جہازوں نے کامیابی سے اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
پاک بحریہ کے پی تھری سی ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز نے رائل سعودی ایئر فورس اور رائل سعودی نیول فورسزکی فضائی قوت کے ساتھ مشترکہ آپریشنز انجام دیئے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل عبدالعلیم تھے۔
وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے کہا کہ سعودی عرب کے پانیوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ مشقوں کا انعقاد دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ درجے کے باہمی اعتماد، یقین اور بھروسے کا مظہر ہے۔
1993 سے مشق نسیم البحرکا مسلسل انعقاد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔