بھارت کا سفیر پاکستان میں کیا کر رہا ہے؟



اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو بھارت سے سفارت تعلقات منقطع کرنے چاہیں۔ جب کوئی فیصلہ منظور نہیں ہوتا تو بھارت کا سفیر یہاں کیا کررہا ہے؟

اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ  بھارتی سفیر ایک اچھے انسان ہیں لیکن وہ یہاں ایک فسطائی(فاشسٹ) حکومت کی نمائندگی کررہے ہیں، جب یہاں سفارت کاری ہونی نہیں ہے تو ایک دوسرے کے سفیر پر صرف خرچ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جارہا ہے لڑنا نہیں اور ہم لڑنے کے خواہش مند بھی نہیں لیکن ہم بے عزتی کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتے، لڑنا پڑا تو لڑیں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم پاکستانی پہلے بھی کشمیر کے لیے کٹ مرے تھے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں، ہم اپنی عزت کے لیے کٹ مریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی اور بھارت کی بربادی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے اور کشمیری ہمارے بھائی ہیں، پاکستانی آج بھی نمازوں میں مظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نےخود اپنی بربادی کے پروانے پردستخط کیے، ہم روز اول سے کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور بہت جلد جیت کر کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں