پاک بھارت تجارتی تعلقات معطل، فوج الرٹ


اسلام آباد: پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے قومی سلامتی کے اجلاس میں بھارت کے ساتھ تجارتی معطل اور سفارتی رابطے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آج قومی سلامتی اجلاس کی صدارت کی جس میں اعلیٰ سیاسی اورعسکری قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور  بھارتی بربریت کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام سفارتی چینل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اعلامیے کے متن میں درج ہے کہ پاکستان میں 14 اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔

عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شریک سیاسی و عسکری قیادت نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ بھارت کے غیر آئینی اقدام کو سلامتی کونسل میں لے جایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’ اگر ہندوستان جنگ کرنا چاہتا ہے تو کر کے دیکھ لے ‘

خیال رہے کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ردعمل کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اٹارنی جنرل، سیکرٹری خارجہ، آئی ایس آئی، ملٹری آپریشنز اور آئی ایس پی آر کے ڈی جیز شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں