’غزوہ ہند میں جیت کی خوشخبری احادیث میں موجود ہے‘


اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کشمیر کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی ہمیں اس جنگ سے ڈرا رہا ہے جس کی جیت کی خوشخبری غزوہ ہند کی حدیث میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے ہمیں دی ہوئی ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دین کی طاقت اور نیوکلیئر اثاثے تماشے کے لیے نہیں ہے، نریندر مودی بھول گئے ہیں کہ سلطان محمود غزنوی نے آپکے ساتھ کیا کیا تھا اور محمد بن قاسم کون تھا؟

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت کے انتظار میں ہے جب ہمارا وزیراعظم کہے گا کہ بھارت کو وہ جواب دیں جو حضرت محمد ﷺ نے غزوہ بدر میں دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پوری قوم اور بہادر مسلح افواج ہندوستانی جارحیت یا جنگی ہسٹیریا کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں، موجودہ حکومت تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہونے کے ناطے موثر سفارت کاری کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی فیصلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانا چاہتا ہے۔

محمد علی خان نے کہا کہ درحقیقت امریکی صدر کے ساتھ عمران خان کی تاریخی ملاقات نے مسئلہ کشمیر کو نئی سانس دی، پہلے ہم دنیا کی سطح پر بات کریں گے لیکن امن ہماری خواہش ہے کمزوری نہیں۔

 


متعلقہ خبریں