عمران خان نے عالمی فورم پر ڈھٹائی سے جھوٹ بولا ہے، نفیسہ شاہ

تیزی سے پھیلتے کورونا کے باوجود لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا، نفیسہ شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نےوزیراعظم عمران خان کے امریکی تھینک ٹینک سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس ڈھٹائی سےانہوں نے جھوٹ بولا ہے اس پر انہیں گوئیبلز ایوارڈ ملنا چاہیے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان نے عالمی فلور پر بھی دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان 15سال تک جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مہرے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات  نے کہاہے کہ ان کے گھناﺅنے کردار کی گواہی انسانیت کے خدمت گار عبدالستار ایدھی بھی دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کرپشن کا نعرہ ڈکٹیٹروں کی ایجاد ہے۔ جس کا ڈھنڈوراوہی لوگ پیٹتے رہے ہیں جو خود کرپشن میں پاﺅں سے لے کر سر تک ڈوبے ہوئے ہیں۔عمران خان کے والد کو بھی کرپشن کے جرم میں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا تھا اور اب بھی جن پر کرپشن کا الزام ہے وہ سلیکٹڈ حکومت کا حصہ ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں موصوف شدت پسندوں کے حامی تھے جس کی وجہ سے دہشتگردی کا شکار لوگ عمران خان کو آج بھی طالبان خان اور طالبان  کا بچھڑا ہوا بھائی سمجھتے ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سال کے اندر 16ارب ڈالر کا قرضہ لیا۔ تین برادر ممالک سے ملنے والا قرضہ ابھی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے صنعتی ادارے بند ہو رہے ہیں۔ لاکھوں ملازمین اور مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد تجاوزات کی آڑ میں لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور لاکھوں غریبوں سے روزگار چھین لیا گیا ہے۔ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے، انسانی زندگی کی چیزیں عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک کا میڈیا سنسرشپ اور سخت دباﺅ کا شکار ہے۔ بے شمار صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔

پیپلزپارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ  سلیکٹڈ وزیراعظم جب اقتدار سے باہر تھے تو باہر سے پارلیمنٹ پر حملے کر رہے تھے اب جب انہیں دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں لایا گیا ہے تو اندر سے پارلیمنٹ پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں سیاسی تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں ہے۔ اس لئے وہ اپنے تمام تر مخالفین کو جیلوں میں بند دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب ڈرامہ بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے جس کے ذریعے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: طالبان سے جلد ملاقات ہوگی، عمران خان


متعلقہ خبریں