حجاج کرام کے لیے تحفہ : مفت سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات

حجاج کرام کے لیے تحفہ : مفت سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات

ریاض: عازمین حج کو امسال سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر مفت سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر اترنے والے عازمین حج کو سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات اس لیے بہم پہنچائی جارہی ہیں کہ وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران اپنے آبائی ممالک سے رابطے میں رہیں۔

سعودی حکام کے حوالے سے عالمی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ تقریباً دس لاکھ سم کارڈز تقسیم کیے جارہے ہیں۔خبررساں ادارے کے مطابق اس ضمن میں قائم کی جانے والی فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے کام کریں گی اور عازمین حج میں    سم کارڈز کی تقسیم یقینی بنائیں گی۔

مؤقر عربی نشریاتی ادارے ’العربیہ‘ کے مطابق پاکستان اور دیگر ممالک سے ان عازمین حج میں جو مکہ مکرمہ سے پہلے مدینہ منورہ گئے ہیں انہیں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پرسعودی عرب کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پروگرام کے تحت سم کارڈز تو نہیں دیے جارہے ہیں لیکن ان کے لیے یہ سہولت مہیا کی گئی ہے کہ وہ سعودی موبائل فون کمپنیوں کے ہوٹلوں کے باہر جگہ جگہ بنے بوتھوں سے سمیں مفت حاصل کرسکتے ہیں۔

العربیہ کے مطابق موبائل ٹیمیں بھی مختلف ہوٹلوں کے متعدد چکر لگا کر عازمین حج کو سم کارڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی موبائل فون کمپنیوں موبائلی ، زین ، لیبارا اور ایس ٹی سی کے کارندے بھی الحرم النبوی الشریف کی طرف جانے والی شاہراہوں پہ جگہ جگہ دکھائی دیتے ہیں جو پاسپورٹ نمبر کی بنیاد پر عازمین حج کی انگلیوں کے نشانات لے کر سم کارڈز جاری کررہے ہیں۔

عازمین حج کو ان کی قیام گاہ (ہوٹلوں) پہ بھی وائی فائی کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

العربیہ کے مطابق پاکستانی عازمین حج کو مدینہ منورہ کی جن چاراور پانچ ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے ان میں سے تین میں تو کمروں میں وائی فائی کی سہولت موجود ہے لیکن ایک ہوٹل میں صرف لابی تک وائی فائی کی سہولت  ملتی ہے کیونکہ کمروں میں سگنل کمزور پڑجاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں