نامزد امیدوار برائے چیئرمین سینیٹ میر حاصل خان بزنجو کا سیاسی سفر

چیئرمین سینیٹ کے لیے حاصل بزنجو مضبوط امیدوار

فوٹو: فائل


متحدہ اپوزیشن نے نیشنل پارٹی بلوچستان کےمرکزی نائب صدر سیینیٹر میر حاصل خان بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار نامزد کردیاہے۔ میر حاصل خان بزنجو کو پاکستانی سیاست میں اہم مقام حاصل ہے ۔ وہ کئی دہائیوں سے سیاسی میدان میں سرگرم  عمل ہیں ۔

میر حاصل بزنجو نے انیس سو اٹھاون میں ضلع خضدار کی تحصیل نال میں بلوچستان کے سابق گورنر اور نامور قوم پرست سیاستدان میرغوث بخش خان بزنجو کے گھر میں آنکھ کھولی ۔1977ءمیں میٹرک کرنے کے بعد 1979ءمیں گورنمنٹ کالج کوئٹہ سے انٹر کیا ۔

80 ءکی دہائی میں کراچی چلے گئے جہاں جامعہ کراچی سے آنرز کرنے کے بعد فلسفے میں ماسٹرز کی سند حاصل کی۔ ستر کی دہائی میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے سیاست کا آغاز کیا۔

میر حاصل خان بزنجو نے 1988ءمیں نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور نال سے انتخابات میں حصہ لیا ۔انیس سو نوے میں خضدار کے حلقے این اے دو سو پانچ سے ضمنی انتخاب میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔

انیس سو ستانوے میں اسی حلقے سے عوام نے میر حاصل خان بزنجو کو  دوبارہ قومی اسمبلی پہنچایا۔میر حاصل بزنجو دو ہزار نو میں نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے ۔2013 میں بلوچستان میں نیشنل پارٹی اقتدار میں آئی اور حاصل بزنجو 2014 میں اس کے صدر بنے ۔

میر حاصل خان بزنجو دو ہزار پندرہ میں دوبارہ سینیٹر بنے،اسی لیے انہوں نے  دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں  حصہ نہیں لیا ۔

میر حاصل بزنجو سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی، قانون اور انصاف، آبی ذرائع، خزانہ، مجوزہ قانون سازی اور ایوی ایشن کی کمیٹیوں کے رکن بھی ہیں ۔

پرویز مشرف کے دور میں حکومت کے خلاف تقریر کرنے کی پاداش میں انہیں کچھ عرصہ قید بھی کاٹنا پڑی ۔

یہ بھی پڑھیے: میرحاصل خان بزنجو چیئرمین سینیٹ کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار نامزد


متعلقہ خبریں