مریم نواز پر پانچ سال قید کا خطرہ منڈلانے لگا

والد کی صحت سے متعلق بہت پریشان ہوں،مریم نواز

فائل فوٹو


اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کو 19 جولائی کو طلب کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں نیلسن اور نیسکول کمپنیز سے متعلق مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ کو جعلی قرار دیا تھا۔

احتساب عدالت کے پاس نیب آرڈیننس شیڈول 3 کے تحت پانچ سال تک سزا سنانے کا اختیار ہے۔

عدالت کے پاس مرکزی ریفرنس پر فیصلے کے بعد جعلی دستاویزات پر ٹرائل کر کے فیصلہ سنانے کا اختیار ہے۔

جعلی دستاویز کے ذریعے جرم میں اعانت پر عدالت ریفرنس میں مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔

مریم نواز کو نیب آرڈیننس کے شیڈول 2 کے تحت تفتیش میں عدم تعاون پر ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

نیب نے مریم نواز کےخلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کے لیے درخواست دی تھی۔

نیب کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی پیش کردہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی تھی۔

ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہونے کے بعد مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات جمع کرانے پر سمری ٹرائل ہو گا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6جولائی 2018 کو دیے گئے اپنے فیصلے میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو مجرم قرار دیا۔

عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ۔


متعلقہ خبریں