ایل او سی کے قریب دھماکہ، پانچ جوان شہید


 راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکہ بارودی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ ایل او سی کے چند میٹر کے فاصلے پر چھمب سیکٹر میں ہوا، دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا ثبوت ہے۔

شہدا میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی ذہیب، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان شامل ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے پا ک فوج کے جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر مشکل کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پوری قوم اپنی سیکورٹی فورسز کےساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے اتحاد سے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہے، بھارت دہشت گردی کی کاروائیوں سے باز نہ آیا تو خطے میں جنگ کی آگ بھڑک اٹھے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہداءکی قربانیوں سے ہی ملک اور عوام محفوظ ہیں۔


متعلقہ خبریں