امن اور مکمل خوشحالی تک جدوجہد جاری رہے گی، آرمی چیف

امن اور مکمل خوشحالی تک جدوجہد جاری رہے گی، آرمی چیف

فوٹو: فائل


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن اور خوشحالی کی منزل تک جدوجہد جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں قومی سلامتی، جیو اسٹریٹیجک اور علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں بھارت، افغانستان اور ایران سرحدوں پر علاقائی سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کانفرنس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں روسی بری افواج کے کمانڈر کی آرمی چیف سےملاقات

اس موقع پر سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پائیدار امن اور خوشحالی کی منزل تک جدوجہد جاری رہے گی۔

آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکاء کو اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

گزشتہ ہفتہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی معیشت کے حوالے سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشکل معاشی صورتحال مالیاتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے اور اس حوالے سے مشکل  فیصلوں سے قوموں کی کامیابی کی مثالیں موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، انشا اللہ ہم معاشی مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ معیشت اور سیکیورٹی کا آپس میں گہراتعلق ہے اور اقتصادی استحکام کے بغیر خود مختاری کا کوئی تصور نہیں  ہے۔


متعلقہ خبریں