فوجی نشان والے دستانے پہننے کا معاملہ، گواسکر کی دھونی پر تنقید


بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے مہندر سنگھ دھونی کی جانب سے فوج کے نشان والے دستانے پہننے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کھیل کو لے کر جو قواعد و ضوابط بنائے گئے ہیں ان پر عمل کرنا چاہئے، کیونکہ وہ اسی لیے بنائے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ 2014 میں انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی کو کلائی پر بینڈ باندھنے کی وجہ سے بورڈ نے جرمانہ عائد کیا تھا کیونکہ انہوں نو وہ بینڈ کسی خاص مقصد کے لئے پہنا ہوا تھا۔

سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ’’اگر آئی سی سی دھونی کو ایسے دستانے پہننے کی اجازت دے گا تو کل کوئی بھی دوسری ٹیم اسے جواز بنا کر کچھ ایسا کر سکتی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’اگر کسی کو اس طرح کے عمل کرنے ہیں تو قواعد و ضوابط بنانے سے پہلے سوچنا چاہیئے تھا، جب ایک مرتبہ قوانین بن جائیں تو اس کے بعد کچھ نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

آئی سی سی نے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

بھارت کا اگلا مقابلہ 9 جون کو آسٹریلیا کے خلاف ہو گا، اب دیکھنا ہے کہ آیا دھونی فوجی نشان والے دستانے پہن کر آتے ہیں یا نہیں۔


متعلقہ خبریں