بالائی علاقوں میں بارش، سندھ میں شدید گرمی



اسلام آباد: خیبر پختونخوا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔

منگل کی صبح خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، سوات سمیت مختلف علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پنجاب کے جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آ گئی۔

یہ بھی پڑھیں بالائی علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر آج آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

سندھ، مشرقی بلوچستان اور وسطی و جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان 5 ملی میٹر، کالام 04 ملی میٹر، پشاور، چلاس 03 ملی میٹر، دیر اور راولاکوٹ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پیر کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع جیکب آباد، لاڑکانہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، دادو 49 ڈگری سینٹی گریڈ، روہڑی، مٹھی، سکھر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ اور پنجاب کے شہر بھکر، رحیم یار خان، بہاولنگر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں