امریکہ، چین تصادم انتہائی تباہ کن ہو گا، چینی وزیر دفاع

امریکہ، چین تصادم انتہائی تباہ کن ہو گا، چینی وزیر دفاع

فوٹو: فائل


سنگاپور: چینی وزیر دفاع وی فینگ نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تصادم انتہائی تباہ کن ہو گا۔ بحیرہ جنوبی چین اور تائیوان پر امریکی موقف کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

سنگاپور میں ایشیا ڈیفنس سربرائی اجلاس سے خطاب میں  چینی وزیر دفاع  نے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے اور چین ایک دن دوبارہ ضرور متحد ہو جائے گا۔  اگر کسی نے تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی کوشش کی تو چینی افواج کے پاس جنگ کے سوا کوئی آپشن نہیں ہو گا۔

وی فینگ نے کہا کہ امریکہ تجارت پربات چیت  کرنا چاہتا ہے تو ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن اگر امریکہ جنگ کا ارادہ رکھتا ہے تو ہم آخر دم تک لڑیں گے۔ چینی فوج علاقائی امن و استحکام کے لیے کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’امریکہ نے چین کے خلاف ٹیکنالوجی کی جنگ شروع کی ہوئی ہے‘

انہوں نے کہا کہ تائیوان چین کے لیے مقدس سرزمین ہے اور چین اپنی مقدس سرزمین کے ایک انچ سے بھی دستبردار نہیں ہو گا، چین خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے تاہم جنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔

چینی وزیر دفاع نے خطاب کے بعد قائَم مقام  امریکی وزیر دفاع سے ملاقات بھی کی جس میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان خطے میں استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد چینی وزارت دفاع کے ترجمان اؤ چھیان نے صحافیوں کو بتایا کہ مذاکرات کا ماحول مثبت اور تعمیری رہا۔ دونوں فریقین نے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعلقات اور جزیرہ نما کوریا کے مسئلے سمیت مشترکہ تشویش کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور بعض امور پر اتفاق رائے حاصل کیا۔


متعلقہ خبریں