عید کے بعد کابینہ میں مزید تبدیلیاں ہوں گی، شیخ رشد

فائل فوٹو


اسلام آباد: سیاسی پیش گوئیوں کے ماہر وزیر ریلوے شیخ رشید نےعید کے بعد ایک بار پھر کابینہ میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہلکی پھلکی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا عید کے بعد مزید دو یا تین وزارتیں تبدیل ہوں گی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے ایک ماہ قبل بھی متعدد وزیروں کے قلمدان تبدیل کیے تھے۔

گزشتہ ماہ وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا۔

عمران خان نےاسد عمرکے بعد معیشت کی ڈولتی ناؤ پار لگانے کے لیے وزارت خزانہ کی ذمہ داری ڈاکٹر حفیظ شیخ  کے کاندھوں پر ڈالی ہے۔

اپوزیشن کی تنقید پر بھرپور حکومتی دفاع کرنے والے وزیراطلاعات  فواد چوہدری کی جگہ فردوس عاشق اعوان کو معاون اطلاعات لگایا گیا ہے اور فواد چوہدری کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیربنا دیا ہے۔

شہر یارآفریدی سے قلمدان لے کر بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کو سونپ دیا گیا ہے اور غلام سرور خان کو ہوا بازی کے شعبے میں لگا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹیم میں ظفراللہ مرزا اور ندیم بابر کو بھی شامل کیا ہے جنہیں بالترتیب معاون خصوصی برائے قومی صحت اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن کے قلمدان دیے گئے ہیں۔

اپوزیشن نے کابینہ میں تبدیلوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت ایسے افراد کو عہدے دے رہی جو عوام کے ووٹ سے منتخب نہیں ہوئے۔


متعلقہ خبریں