پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات


اسلام آباد:وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات  ہوئے ہیں۔  ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف  اپنے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ  پہنچے جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات  میں پاکستانی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت جواد ظریف نے کی ۔

وفود کی سطح پر ہونے والے ان مذاکرات میں پاک ایران تعلقات ،علاقائی سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے-تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

شاہ م محمود نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا ۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا

ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلٰی سیاسی و عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ منصب سنبھالنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا یہ پاکستان کا  تیسرا دورہ  ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف گزشتہ شب  اسلام آباد پہنچے تھے ۔ دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں ایران کے سفیر نے ان کا استقبال کیاتھا۔

تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے کے بعد جواد ظریف کا تیسرا دورہ  ہے اور  پی ٹی آئی حکومت بننے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان تھے۔

پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایران پاکستان کا ایک برادر مسلم ملک ہونے کے ساتھ ساتھ اہم ہمسایہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات


متعلقہ خبریں