ٹیم انتظامیہ ناقص فیلڈنگ سے پریشان


لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کو پریشانی کی ایک بڑی وجہ قرار دے دیا۔

پاکستان کو حال ہی میں انگلینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عام طور پر تنقید کی زد میں رہنے والی پاکستانی بیٹنگ نے سیریز میں لگاتار بڑے اسکورز دیے تاہم ناقص بولنگ اور فیلڈنگ نے بلے بازوں کی محنت کو ضائع کردیا۔

پانچویں ایک روزہ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہماری فیلڈنگ انتہائی مایوس کن رہی ہے اور دراصل یہی دونوں ٹیموں کے درمیان بڑا فرق تھا۔

انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ہیمپٹن اور ناٹنگھم میں ہونے والے میچز میں ہم نے اچھا مقابلہ کیا۔

مزید پڑھیں: چوتھا ون ڈے: سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کی فتح

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہم نے فیلڈنگ بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے تاہم اس کے نتائج برآمد نہیں ہورہے۔

مکی آرتھر نے عالمی نمبر ایک ایک روزہ ٹیم کے خلاف پاکستانی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیریز میں پاکستان نے 361، 358، 340 اور 297 رنز بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ آخری ایک روزہ میچ میں کپتان سرفراز احمد نے بھی 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے خلاف ناقص کارکردگی کے باوجود ہیڈ کوچ نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے کچھ شعبوں میں خامیاں دور کرلی گئیں تو یہی ٹیم بہترین نتائج دے سکتی ہے۔

پاکستان 24 مئی کو افغانستان جبکہ 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گا جبکہ 31 مئی کو گرین شرٹس ورلڈ کپ مہم کا باقاعدہ آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں