آئی ایم ایف کے ساتھ بیل آؤٹ پیکج پر معاہدہ طے پاگیا، مشیر خزانہ



اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان  بیل آؤٹ پیکج پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔

پاکستان کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو بیل آؤٹ پیکج دینے کیلیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جس کی ادائیگی 39 ماہ میں کرنی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ تین سال میں پاکستان کو6 ارب ڈالر دے گا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ  بجلی صرف300 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والوں کیلیے مہنگی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے کب کتنا قرضہ لیا گیا ؟

سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے مشیر خزانہ نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت کا تعین اسٹیٹ بینک آف پاکستان مارکیٹ ریٹ پر کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اصلاحات کرنے میں کامیاب ہوگئی تو یہ آئی ایم ایف کا آخری پیکج ہوگا۔

حفیظ شیخ نے بتایا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ عام آدمی پر فرق نہ پڑے مہنگائی صرف کچھ ایریاز میں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا بورڈ معاہدے کی حتمی منظوری دے گا۔

انٹرویو میں حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹیٹ بینک کو خومختار رکھا جائے گا۔ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی 2 سے 3  ارب ڈالر مل سکتے ہیں اور پاکستان کو کم شرح سود پر قرض ملے گا۔

ہم نیوز کے سینیئر صحافی محمد مالک نے اپنے تجزیے میں کہا کہ ڈالر کی قیمت اوپر جائے گی جس کے اثرات معیشت پر ہوں گے اور مہنگائی میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز( آئی ایم ایف) کے وفد کے درمیان 29 اپریل سے مذاکرات جاری تھے۔


متعلقہ خبریں