بھارت:مودی کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کرنے کسان وارانسی روانہ

بھارت:مودی کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کرنے کسان وارانسی روانہ

نئی دہلی: تلنگانہ کے 50 کسان وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لیے وارانسی روانہ ہو گئے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کسانوں کا کہنا ہے کہ انہیں ہر حکومت نے مایوس کیا اور نریندر مودی سے وابستہ امیدیں بھی پوری نہیں ہوئیں۔

گزشتہ تین چار سالوں سے ملک بھر کے ہلدی کے کسان سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ وہ متعدد مرتبہ اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرچکے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سال رواں ہلدی کے کسانوں کے لیے قیمت پانچ ہزار دو سو روپے سے گھٹ کر تین ہزار دو سو روپے ہو چکی ہے جس کی وجہ سے وہ مزید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

بھارتی کسانوں کا الزام ہے کہ حکمران جماعت بی جے پی اور مقامی انتظامیہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کررہی ہے اور نہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جارہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کسانوں نے تنگ آکر ازخو اپنے مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد کیے اور خود ہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ایسے ہی گروپ نے تلنگانہ کے ہلدی کے کسانوں سے یگانگت کا اظہار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تمل ناڈو سے بھی 111 کسانوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ لو ک سبھا کے انتخاب میں نریندر مودی کے مدمقابل کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔


متعلقہ خبریں