پنجاب میں پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ


لاہور: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں ہونے والے اہم اجلاس میں ہوا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر بلدیات و قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

کمیٹی پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی جبکہ اس ضمن میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

مزید پڑھیں: ضلع ہنزہ کو پلاسٹک فری بنانے کے لیے طلباء اورمقامی این جی اوز سرگرم

اجلاس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور دیگر شہروں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے لاہور اور دیگر بڑے شہروں کی صفائی کے موثر انتظامات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہور میں صفائی کے لئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت بڑے شہروں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رقم ادا کرنے کے باوجود کوڑا کرکٹ کا نظر آنا افسوسناک ہے، صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے موثر انداز میں کام کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کی موجودگی متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صفائی کے بارے میں شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مہم بھی چلائی جائے، مجھے نتائج چاہئیں اور صفائی نظر آنی چاہیے، کام نہ کرنے والے افسر وں اوراہلکاروں سے بازپرس ہوگی۔

صوبائی وزیربلدیات محمد بشارت راجہ، سیکرٹریز بلدیات، توانائی، کمشنر لاہور ڈویژن، اسپیشل سیکرٹری خزانہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔


متعلقہ خبریں