نیب اپوزیشن کے خلاف مقدمات بنا کر سنسنی پھیلا رہا ہے، نوید قمر


اسلام آباد: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نوید قمر نے کہا ہے کہ نیب کا مقصد اپوزیشن کے خلاف مقدمات بنا کر ملک میں سنسنی پھیلانا رہ گیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس مؤقف پر قائم ہے کہ نیب کے قوانین میں اصلاحات بہت ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نیب کی جانب سے نوٹس کسی اور کیس کے حوالے سے دیا جاتا ہے اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نیب ایک جوڈیشل طریقہ کار کے تحت اپنی کارروائی کرے مگر ان کا جب دل چاہتا ہے کسی کے بھی خلاف کارروائی شروع کر دیتا ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ حکومت کو کہہ چکے ہیں کہ اگر نیب قوانین کے حوالے سے کوئی پیش رفت کرتے ہیں تو اپوزیشن ان کی حمایت کرے گی، مگر ابھی تک وہ ایسی کوئی اصلاحات کا بل نہیں لائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کے مالی خسارے میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ روز کم ترین سطح پر بند ہو رہی ہے۔

حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جو شرائط آئی ایم ایف رکھے گی انہیں چاہیئے کہ وہ شرائط پارلیمنٹ میں لائے اور اس پر بحث ہونی چاہئے۔

پی ٹی ایم کے بعض مطالبات بالکل جائز ہیں، رحیم یوسف اللہ زئی 

سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایم کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے آج کے انکشافات شدید نوعیت کے ہیں، پی ٹی ایم والے ان الزامات کے تحت غداری کے زمرے میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں مگر پی ٹی ایم کے حوالے سے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی، اس حوالے سے کمیٹیاں بنائی گئیں مگر ان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے بعض مطالبات بالکل جائز ہیں جنہیں کچھ حد تک حل بھی کر دیا گیا ہے۔

یوسف خٹک کو وزارت دینا موروثی سیاست کے زمرے میں نہیں آتا، شوکت یوسف زئی

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ یوسف خٹک کو وزارت دینا موروثی سیاست کے زمرے میں نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ یوسف خٹک بڑی تعداد میں ووٹ لے کر اسمبلی میں آئے ہیں اور اس قابل ہیں کہ انہیں کوئی وزارت دی جائے۔

 


متعلقہ خبریں