تبدیلی سرکار کے ایک اور وزیر کی کار سرکار میں مداخلت



راولپنڈی: تھانہ نیو ٹاؤن میں درخواست پھاڑنے پر صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ اور وارڈن کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

راولپنڈی کے وارڈن سلمان کیانی کا کہنا ہے کہ ڈبل روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی پر کالے شیشے والی گاڑی کو روکا جس پر لینڈ کروزو میں بیٹھے لڑکوں نے مجھ پر تشدد کیا۔

وارڈن کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے تھانے میں درخواست دینے لگا تو صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے درخواست پھاڑ دی۔

دوسری جانب صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کا کہنا ہے کہ مجھ پر درخواست پھاڑنے کا الزام جھوٹا ہے، ہمارے تھانے میں پہنچنے کی تمام ویڈیوز موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف تھانہ کلچر کی سیاست کی قائل نہیں ہے، وارڈنز کی جانب سے لڑکے پر تشدد کیا گیا اور پھر وارڈنز لڑکے کو تھانے لے کر آئے، میں تو اپنے علاقے کے اے ایس پی سے پہلی بار مل رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں پشاور میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والے شہری پر مقدمہ درج

تحریک انصاف کے رہنما کی طرف سے اس دعوی کے باوجود یہ بات بھی سچ ہے کہ وہ تھانے میں موجود تھے جہاں ان کے ساتھ پچاس سے زائد لوگ موجود تھے۔ اسی طرح ذرائع کے مطابق انہوں نے ٹریفک وارڈنز کی معطلی کے لیے بھی پولیس حکام پر دباؤ ڈالا تاہم معاملہ میڈیا پر آجانے کے باعث دبا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب پولیس میں اصلاحات لانے کا بار بار وعدہ کیا تھا، اسی سلسلے میں خیبرپختونخوا میں پولیس میں اصلاحات لانے والے ناصردرانی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر بھی مقرر کیا گیا تھا تاہم اختیارات نہ ملنے اور پولیس میں مداخلت پر وہ مستعفی ہو کر اس معاملے سے الگ ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں