حریت رہنما یاسین ملک کی حالت بگڑ گئی، جیل سے اسپتال منتقل

حریت رہنما یاسین ملک کی حالت بگڑ گئی، جیل سے اسپتال منتقل

اسلام آباد: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو انتہائی تشویشناک حالت میں نئی دہلی کے اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ انہیں تہاڑ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ یاسین ملک کا تحفظ قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے کی جانے والی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف دس اپریل سے بھوک ہڑتال پر تھے۔

اطلاعات کے مطابق جے کے ایل ایف کے چیئرمین کے  گھر والوں کو ان کی طیبعت کی شدید ناسازی کے متعلق چار دن بعد اطلاع دی گئی ۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ان کے خاوند کی صحت مزید بگڑ گئی ہے۔

انہوں نے اپنے خاوند کی علالت پر آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے پاس بھارت جائیں گی۔ مشعال ملک کے مطابق انہیں تسلسل کے ساتھ دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی کی سالگرہ پر پیغام ملا کہ یہ آپ کی شادی کی آخری سالگرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف میں یہ کیس اٹھائے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کو حریت رہنما یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مظلوم اور بے گناہ بہتے کشمیریوں پر بہت ظلم ہو رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں