مقبوضہ کشمیر: حریت رہنما یاسین ملک گرفتار


سری نگر: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک کو سری نگر میں حراست میں لے لیا گیا۔ یاسین ملک کو انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم چلانے پر گرفتار کیا گیا۔

حریت رہنما یاسین ملک کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک اس مزاحمتی قیادت کا حصہ ہیں۔

یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، کشمیری قیادت کی نظربندیاں اور گرفتاریاں جاری ہیں۔

اس سے قبل بھی بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری رہنما کو کئی مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے اور وہ قابض حکومت کے خلاف جارحیت کی علامت بن چکے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی مختلف جماعتوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے جن میں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھی شامل ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں اور عام کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم و ستم ایک معمول بن چکا ہے۔


متعلقہ خبریں