100 انڈیکس میں 480 پوائنٹس کا اضافہ، 37292 کی سطح پربند



کراچی: 100 انڈیکس 480 پوائنٹس اضافے سے 37292 کی سطح پربند ہوا۔ 100 انڈیکس میں ایک دن میں 1.25 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے کے بعد  سے اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے میں آرہا ہے اور کل سے اب تک انڈیکس میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

جمعرات کو اسد عمر کی طرف سے استعفے کے باقاعدہ اعلان کے بعد اسٹاک مارکیٹ 60 پوائنٹ کے اضافے پر بند ہوئی تھی اور جمعے کو ابتدائی گھنٹوں میں انڈیکس میں 900 پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعے کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رحجان رہا اور مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں 120 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فوٹو: ہم نیوز

جمعے کے روز کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 36811 پر ٹریڈ کرتا رہاا اور پہلے 30 منٹ میں انڈیکس 120 پوائنٹ اوپر چلا گیا۔

کاروباری ہفتے کےآخری روز کچھ دیر کیلئے100 انڈیکس 915 پوائنٹس کے اضافے سے 37,729 پر ٹریڈ کرتا رہا۔ اسٹاک مارکیٹ میں113,036,060 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 4,904,597,236 پاکستانی روپے رہی۔

فوٹو: ہم نیوز

گزشتہ روز وزیرخزانہ کے استعفے کے بعد اسٹاک مارکیٹ مندی میں چلی گئی تھی۔ کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تھا۔ اسد عمر کے استعفے کی خبریں آنے کے بعد مارکیٹ میں 322 پوائنٹس کی کمی ہوگئی تاہم کاروبار کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ60 پوائنٹ کے اضافے سے 36811 پر بند ہوئی۔

بدھ کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا اور کاروبار کا اختتام 629 پوائنٹس کی کمی کے بعد 36 ہزا ر763 پوائنٹس پر ہوا۔ رواں ہفتے کے آغاز پر انڈیکس 37 ہزار 452 پر ٹریڈ کررہا تھا۔


متعلقہ خبریں