اوکاڑہ: شادی کے گھر میں چھت گرنے سے تین بچیاں جاں بحق5زخمی


اوکاڑہ: شادی کا گھر اس وقت ماتم کدہ بن گیا جب ایک گھر کی چھت منہدم ہوگئی۔ گھر کی چھت گرنے سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی تین مہمان بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ چھت گرنے سے دیگر پانچ افراد بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

جاں بحق بچیوں کی شناخت مبشرہ، مبرہ اور فائزہ کے ناموں سے ہوئی ہے جو آپس میں بہنیں ہیں۔ زخمیوں میں عبدالواحد، فاطمہ اور شاہدہ سمیت دیگر شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اوکاڑہ میں ہونے والی شدید بارش کے دوران حویلی لکھا کے محلہ اسلام نگر میں واقع عبدالواحد نامی شخص کے گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی۔ جس وقت چھت گری اس وقت گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔

زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر شدید زخمی افراد کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق سانحہ کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس اور امدادی ادارے کے رضاکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔ علاقہ پولیس نے خوشیوں بھرے گھر میں پیش آنے والے واقع کے متعلق ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کرلیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاندان پاک پتن سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حویلی لکھا آیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں