وزیراعظم سندھ کی عوام کو دھوکا نہ دیں، بلاول


گھوٹکی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں، وہ سندھ آئیں اور بار بار آئیں لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں۔

گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خوش ہوں عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں یہاں آکر جلسے کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے پورے ہوں۔

مزید پڑھیں: ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر تھپڑ ہے، بلاول

انہوں نے کہا کہ مخالفین دھاندلی کےباوجود تمام تر سازشوں کے باوجود سندھ میں الیکشن نہیں جیت سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے پاس ماضی میں کے ایم سی رہی تمام اختیارات بھی تھے مگر انہوں نےکچھ نہیں کیا، سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کے مقابلے میں ان تمام جماعتوں کو مسترد کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو تجویز دیتا ہوں کہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں، ماضی کی سیاست چھوڑ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’بلاول کرپشن کیخلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو نام کیساتھ صرف زرداری لکھیں‘

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی کے فلسفے کو گھوٹکی اور پاکستان کے عوام نے مسترد کردیا، مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، عوام ریلیف چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ بنی حالا کے وزیر اعظم نہیں، وہ سندھ کو دوسری نظر سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ پر ڈاکہ ڈالا ہوا ہے اور ہمارے پیسے نہیں دے رہے، ہم گھوٹکی سمیت پورے سندھ میں یونیورسٹیاں بنانا چاہتے ہیں تاہم وفاق رکاوٹ ہے۔


متعلقہ خبریں